اناڑی کھلاڑی تبدیلی کا ڈھول پیٹنا بند کر دیں‘ ناکامی انکا مقدر ہے : سعد رفیق
لاہور(خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور امیدوار این اے125 خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اناڑی کھلاڑی تبدیلی کا ڈھول پیٹنا بندکریں، ان کے شوق اقتدار کیلئے پاکستان کوتختہ مشق بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوام اور بالخصوص نوجوانوں کا مسلم لیگ (ن) کے سیاسی پروگرام اورمیاں نواز شریف کے ویژن پر بھرپور اعتماد ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔ پنجاب کے بعد پاکستان کو بدلنا اور بلوچ عوام کی محرومیوں کا مداوا کرنا ہماری سیاست کا محور ہے۔ فیڈریشن کی مضبوطی اور قومی یکجہتی کا روڈ میپ مسلم لیگ (ن) کے سواکسی کے پاس نہیں۔ ہم ماضی کی طرح آئندہ بھی اپنے محروم اورمظلوم ہم وطنوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے جس طرح آج پنجاب کا ہر شہر، قصبہ اور گاﺅں تعمیر و ترقی، ہریالی اورخوشحالی کا منظر پیش کررہا ہے، اس طرح باقی صوبوں کو بھی تعمیروترقی کی شاہراہ پرگامزن کریں گے۔ دوسروں کے پاس لفاظی جبکہ ہمارے پاس کارکردگی اور پریکٹیکل ہے۔ وہ این اے125کی مختلف آبادیوں چاچووالی اورشاہ خاور ٹاﺅن میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں نصیراحمد، چودھری محمد یٰسین سوہل سمیت مختلف مقررین نے بھی خطاب کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ہمارے دورمیں ہونیوالے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پرکسی نے انگلی نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اور مستند غیرجانبداراداروں نے پنجاب حکومت کے تعمیراتی کام کوسراہا اورکرپشن فری قرار دیا جبکہ وفاقی اداروں میں بدعنوانی کا دور دورہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دوررس معاشی اصلاحات سے پاکستان میں معیشت مضبوط ہوئی اوربیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ میاں نصیراحمدنے کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور تاریخ میاں نوازشریف کے ہاتھوں رقم ہوگی۔ چودھری یٰسین سوہل نے کہا کہ خادم پنجاب میاں شہبازشریف نے ہرشعبہ میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا۔