الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن پر عائد کیے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرنے اور الزامات کے ثبوت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مسترد کر دیئے.الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن کا اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر سربراہی منعقد ہوا جس میں کمیشن کے اراکین نثار احمد درانی ار شاہ محمد جتوئی سمیت دیگر سینئر اراکین نے شرکت کی۔دوران اجلاس چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن پر لگائے گئے الزامات پر گفتگو ہوئی اور الیکشن کمیشن نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان صدر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے جو الزامات عائد کیے ہیں ان کے ثبوت طلب کیے جائیں۔اس کے علاوہ وزیر وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر پر بھی جو الزامات عائد کیے گئے تھے اس پر دونوں وزرا کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔الیکشن کمیشن نے پیمرا سے تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ایوان صدر، قائمہ کمیٹی اجلاس کی کارروائی اور پریس کانفرنس سے متعلق تمام ریکارڈ مرتب کر کے مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں۔واضح رہے کہ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن (ترمیمی) ایکٹ 2021 میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال کے دوران اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی میں ملوث رہا ہے اور ایسے اداروں کو آگ لگا دینی چاہیے۔انہوں نے کمیٹی میں مجوزہ ترامیم پر ووٹنگ کے عمل سے قبل الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ کمیشن نے رشوت لے کر انتخابات میں دھاندلی کی۔اعظم سواتی کے ان ریمارکس کے بعد الیکشن کمیشن کے اراکین اجلاس سے احتجاجا واک آوٹ کر گئے تھے۔اسی دن شام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے آلہ کار کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو الیکشن کمیشن چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وزیر ریلوے اعظم سواتی کی دھمکیوں کا نوٹس لیں اور اس معاملے پر ان کے خلاف کارروائی کریں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38