حکومت جان بوجھ کر عوام کو بلدیاتی حقوق سے محروم رکھ رہی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی انتخابی قومی امور پر تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بلدیات ، پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلیوں ، سیاسی جماعتوں کی نااہلی اور ہوس اقتدار کی وجہ سے عملاً بے کار ادارے بنادیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی اہلیت ، امانت و دیانت اور آئینی حدود میں رہ کر ملک میں متوازن نظام کی جدوجہد کر ے گی۔ صوبائی حکومتیں جان بوجھ کر عوام کو بلدیاتی حقوق سے محروم رکھ رہی ہیں۔ اسلام آباد ، پنجاب اور خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکمرانی ہے لیکن وفاقی اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملاً آئین سے انحراف کی مرتکب ہورہی ہیں۔ گزشتہ بلدیاتی انتخابات بھی عدلیہ کے دبا? پر ہوئے اب بھی عدلیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان عوام کے بلدیاتی اور جمہوری حقوق کی حفاظت کریں اور انتخابات کا روڈ میپ دیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو نمائندہ ، موثر اور فعال مقامی حکومتوں کے ذریعے اچھی حکمرانی دے گی۔