بھارت نے کشمیریوں کو ان کے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے، مودی سرکار کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے : وزیر اعلیٰ پنجاب
جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ جمہوریت عوام کی حکمرانی کا نام ہے اور تحریک انصاف کی حکومت جمہوریت پر کامل یقین رکھتی ہے اور ہم جمہوریت اور جمہوری ادارو ں کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں۔ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں جمہوریت کو ذاتی تجوریاں بھرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن کرنا عوام کے ساتھ دھوکہ اور ظلم ہے۔ سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ ماضی کی حکومتوں کی لوٹ مار کے باعث بھی عوام کا جمہوریت پر اعتماد مجروح ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے عالمی دن پر سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے۔ مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔ عالمی جمہوری قوتوں کو بھارت کے غیر جمہوری اقدامات پر فوری نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت محض انتخابات کے انعقاد کا نام نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے بہترین نظام ہے۔ جمہوریت ریاستی اداروں کو مضبوط کرتی ہے۔ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا نام ہے۔ جمہوریت میں حق حاکمیت عوام کے پاس ہوتا ہے۔ جمہوری نظام عوامی مفاد کا نظام ہے کیونکہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصدجمہوریت کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا اور جمہوری روایات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ آج ہمیں جمہوری روایات کو مستحکم کرنے کیلئے اپنے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ دریں اثناء تحریک پاکستان کے کارکن و سینئر صحافی حامد علی خان کے انتقال پر اظہار تعزیت: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک پاکستان کے کارکن و سینئر صحافی حامد علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سردار عثمان بزدار نے ماضی کی معروف براڈ کاسٹر ثریا شہاب کے انتقال پربھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔