میرے خلاف مقدمہ جھوٹ اور سیاسی انتقام پر مبنی,پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے:رانا ثنااللہ
سابق وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ جھوٹ اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے اور کوئی بھی ایماندار جج اس جھوٹے مقدمہ کو سننا نہیں چاہتا،پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔ راناء ثنا اللہ نے عدالت میں پیشی سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نالائق اعظم کی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے یہ سب کر رہی ہے، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، جیلوں میں ظلم برداشت کرنے کے بعد کیسی ڈیل ؟ نواز شریف حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، مجھے جیل کی فرش پر اتنی سکون کی نیند آتی ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم ہاس میں نہیں آتی ہوگی۔ مسلم لیگ(ن )کے کارکن اور حمایتی مارچ میں نکلیں اور اس حکومت کا خاتمہ کریں یہ حکومت ملک کے لیے ندامت کا باعث ہے۔منشیات کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کو اے این ایف کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ، اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔ رانا ثنا اللہ کی اہلیہ، داماد رانا شہریار،سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال اور رانا ثنااللہ کے وکلا اور اے این ایف کے وکلا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔