ماضی کی معروف براڈ کاسٹر ثریا شہاب انتقال کر گئیں‘ اسلام آباد میں سپردخاک
اسلام آباد (نیٹ نیوز) ماضی کی معروف براڈ کاسٹر ثریا شہاب گزشتہ صبح انتقال کر گئیں‘ انہیں اسلام آباد کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ان کے لواحقین میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ثریا شہاب نے اپنے براڈ کاسٹنگ کیریئر کا آغاز ریڈیو تہران کے ایک میگزین پروگرام سے کیا تھا‘ یہی پروگرام ان کی کامیابی کا سبب بنا۔ ثریا شہاب نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور نیوز ریڈر ملازمت کا آغاز کیا‘ انہوں نے اس شعبے میں بہت اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ 80 ء کی دہائی کے وسط میں ثریا شہاب نے بی بی سی اردو سروس میں شمولیت اختیار کی اور لندن منتقل ہو گئی تھیں۔