میاں اسلم اقبال کی ٹیچر کے تشدد سے جاں بحق حافظ حنین کے گھر آمد
لاہور(کلچرل رپورٹر)صوبائی وزیراطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال پولیس افسروں کے ہمراہ ٹیچر کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے طالب علم حافظ حنین کی رہائش گاہ گلشن راوی گئے اور مرحوم طالب علم کے والد اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔صوبائی وزیر نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔بعدازاں صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے طالب علم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور اس واقعہ میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔میں یہاں پولیس افسران کے ساتھ آیا ہوں۔مرحوم طالب علم کے والدین کو تفتیش کے حوالے سے خدشات تھے اور ہم نے ان کے یہ خدشات دور کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ تفتیش میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔