فیض پور: اشتہاری ملزم کی فائرنگ‘ پراپرٹی ڈیلر قتل‘ ورثاء کا شدید احتجاج
لاہور+ فیروز والا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور شرقپور روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔ اہلخانہ اور اہل علاقہ نے لاش مال روڈ پر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق شرقپورکی آبادی فیض پور میں پراپرٹی ڈیلر چوہدری بشارت علی اپنی کار پر ساتھیوں کے ہمراہ گاؤں آرہا تھا جب وہ فیض پور روڈ پر پہنچا تو مخالفین نے موٹر سائیکل پر تعاقب کرکے کار پر فائرنگ کر دی جس سے چوہدری بشارت علی موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ بعد ازں لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد میت سمیت لاہور مال روڈ فیصل چوک پہنچ گئے اور پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کاکہنا تھاکہ پولیس مفرور ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ مفرور ملزم نے کچھ عرصہ قبل مقتول کے بڑے بھائی وسیم احمد کو قتل کیا تھا جس کے مقدمہ کی پیروی بشارت علی کر رہا تھا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ملزم اور مقتولین آپس میں قریبی رشتے دار ہیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔