مقبوضہ کشمیر: سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہو گئے‘ بھارت پیلٹ گنوں کے استعمال پر پابندی لگائے: ایمنسٹی
سرینگر (این این آئی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیلٹ گن کے استعمال پر فوری پابندی کا مطالبہ کیا ہے جن کے استعمال سے مقبوضہ کشمیر میںسینکڑوں افراد نابینا ، قتل اور ذہنی تنائو کا شکار ہوگئے ہیں۔ بھارت کیلئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر آکار پٹیل نے سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں ’’کشمیر میں آنکھوں کی بینائی سے محرومی: پیلٹ گن کے اثرات‘‘ کے زیرعنوان رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی طرف سے کسی بھی قسم کے تشدد کو پیلٹ گن کے استعمال کیلئے جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی نے یہ معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے اور وہ سمجھتا ہے پیلٹ کی وجہ سے ہونے والا نقصان حد سے زیادہ ہے۔ دریں اثنا ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم کو دوبارہ دہلی طلب کرنے کیخلاف (آج) سے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء شبیر شاہ اور دیگر ساتھیوں کی عدالتی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادی میں سول شہادتوں میں ملوث بھارت کے سکیورٹی اہلکاروں کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف مختلف علاقوں میں سول شہادتوں اور روہنگیائی مسلمانوں کے حق میں اِکا دُکا مظاہرے ہوئے۔ طلباء کی جانب سے کلاسوں کا بائیکاٹ جاری ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا وادی میں جاری آزادی حامی احتجاجی لہر کے دوران کچھ غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ اگر ہم مذاکرات چاہتے ہیں تو اس کے لئے عسکریت پسندی بند ہونی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندرسنگھ رانا نے ریاست کے تینوں خطوں جموں،کشمیراور لداخ کو علاقائی خودمختاری دئیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر کی زیرقیادت 25رکنی وفد نے بھارتی وزیر داخلہ سے40منٹ تک ہونے والی ملاقات میں کیا۔