پاکستان اور امریکا کے درمیان افغانستان کی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان نے سرحدی علاقوں میں حملوں کا معاملہ اٹھایا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ انہوں نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیرخارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات میں افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں مفاہمتی عمل میں شامل ہونے کی صورت میں طالبان کو محفوظ راستہ دینے سے متعلق حالیہ سہ فریقی مذاکرات کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغان علاقوں سے ملکی سرحدوں پر عسکریت پسندوں کے حملوں کا ایک بار پھرمعاملہ اٹھایا۔ مارک گراسمین نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کی جس میں پاک امریکا دفاعی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔