کامیڈی کے بے تاج بادشاہ لہری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
۔کراچی (ساجد علی) معروف اداکار اور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ لہری طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ گزشتہ صبح بلڈ پریشر صفر ہو جانے پر مصنوعی تنفس کی مشین ہٹا دی گئی۔ لہری کی عمر 83 برس تھی۔ انکا اصل نام سفیر اللہ صدیقی تھا۔ اداکار لہری کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد یاسین آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ کامیڈی کے بے تاج بادشاہ لہری پچھلے کئی سالوں سے شدید بیمار تھے اور بیماری کے سبب ہی اپنی ایک ٹانگ گنوا چکے تھے مگر پھر بھی انہوں نے خودداری کو نہیں چھوڑا۔ خودداری کے ساتھ ساتھ لہری کا فن ظرافت بھی آخری وقت تک زندہ رہا۔ لہری 1930ء میں کان پور بھارت میں پیدا ہوئے، تقسیم کے فوراً بعد پاکستان ہجرت کرکے کراچی میں آ بسے۔ انہوں نے پاکستان آ کر پہلی ملازمت سٹینو ٹائپسٹ کی حیثیت سے کی۔ دن بھر ڈیوٹی انجام دینے کے بعد شام کے اوقات میں وہ صدر میں ہوزری کا سامان فروخت کرنے لگے۔ 1955ءمیں اس وقت کی نامور فلمی شخصیت لچھو سیٹھ (شیخ لطیف ایکسچینج والے) نے ”انوکھی“ کے نام سے ایک فلم بنانے کا منصوبہ بنایا، فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے کے لئے بھارت سے شیخ لطیف کی بھتیجی شیلا رمانی کو پاکستان بلایا گیا۔ اس فلم کے لئے شیخ لطیف کو ایک مزاحیہ اداکار کی بھی ضرورت تھی۔ اسی دوران کسی نے سفیر اللہ کو شیخ لطیف کے پاس بھیج دیا۔ فلم ”انوکھی“ 21 جنوری 1956ءکو ریلیز ہوئی جس نے سفیر اللہ کو راتوں رات گمنامی سے نکال کہ شہرت کی دنیا میں لا کھڑا کیا اور لہری کے نام سے نئی شناخت دی۔ لہری کا فلمی سفر 38 برس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے دو سو پچیس کامیاب فلمیں کیں۔ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے عظیم کامیڈین کہلاتے تھے۔ ان کی یادگار فلموں میں انسان بدلتا ہے، رات کے راہی، فیصلہ، جوکر، کون کسی کا اور آگ شامل ہیں۔ لہری سے پہلے اداکار یعقوب بہترین کامیڈین کہلاتے تھے۔ لہری نے برجستہ مکالموں اور جملوں سے مزاح پیدا کیا۔ انہیں پاکستان فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ”نگار ایوارڈ“ بارہ مرتبہ ملا جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے۔ پوری فلم انڈسٹری میں ان کا کوئی توڑ پیدا نہ ہو سکا تاہم رفتہ رفتہ ان کی جان کو لگنے والی متعدد بیماریوں نے انہیں بستر سے لگادیا تھا۔ اداکار لہری نے تمام عمر کے لوگوں میں خوشیاں اور مسکراہٹیں تقسیم کیں، زندگی میں کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا۔ صدر، وزیراعظم، نواز شریف، شہباز شریف، گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے اداکار لہری کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔