نےوےارک (آئی اےن پی) دنیائے ٹینس کے عالمی نمبر ایک سرب کھلاڑی نووک جوکووچ نے یو ایس اوپن کے مردوں کے سنگلز فائنل میں عالمی نمبر دو ہسپانوی کھلاڑی رافےل نڈال کو شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔امریکی شہر نیویارک کے آرتھر ایش سٹیڈیم میں چار گھنٹے اور دس منٹ طویل اس میچ میں جوکووچ نے 6-2، 6-4، 6-7 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کی۔ نڈال جو یو ایس اوپن کے فائنل میں کامیابی کے ساتھ 11ویں مرتبہ کوئی گرینڈ سلام اعزاز حاصل کرنے کی توقع کر رہے تھے، اس میچ میں کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔رواں برس نڈال اور جوکووچ مجموعی طور پر چھ مرتبہ آمنے سامنے آئے اور ان تمام میچوں میں جوکووچ نے نادال کی ایک نہ چلنے دی اور تمام میں انہیں شکست سے دوچار کیا۔ جوکووچ نے اس میچ میں نڈال کو ہرا کر عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم بنا لیا ہے۔چوبیس سالہ جوکووچ نے رواں برس 66 میچ کھیلے ہیں، جن میں سے صرف دو میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔وہ دو مرتبہ آسٹریلین اوپن اور ایک مرتبہ ومبلڈن بھی جیت چکے ہیں۔یو ایس اوپن میں کامیابی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا، نڈال کے خلاف جیت پر خوش ہوں۔ انہوں نے کہا، ’میں جب بھی رافیل نڈال کے خلاف کھیلتا ہوں، وہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے‘۔ نووک جوکووچ نے 2011ءکے دوران تین اہم گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر لئے ہیں۔ اس طرح وہ دنیائے ٹینس میں ایسے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے ایک ہی سال میں ومبلڈن ، آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ دریں اثناءجاپان کے ٹاپ سیڈ شینگو کیونیڈا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ویل چیئر مینز سنگلز ایونٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے فائنل میں جاپان کے ٹاپ سیڈ شینگو کیونیڈا نے فرانس کے سٹیفن ہوڈٹ کو 6-3، 6-1 اور 6-0 سے ہرا کر یوایس اوپن ٹینس کا ویل چیئر مینز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ اولیویئر گولڈنگ نے یو ایس اوپن ٹینس کا جونیئربوائز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مکسڈ ڈبل امریکی جوڑی نے جیتا۔ انہوں نے فائنل میں ارجنٹائن کی گسیلا ڈلکو اور ایڈورڈ سچوانک کو ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں امریکہ کی ملینی اوڈین اور جیک سوک پرمشتمل جوڑی نے ارجنٹائن کی ایٹتھ سیڈ جوڑی کو 7-6 (7-4)، 6-4 اور (10-8) سے اپ سیٹ شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ لیزل ہوبر اور لیزا ریمونڈ نے یو ایس اوپن ٹینس کا ویمنزڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ مینز ڈبل کا ٹائٹل جرگن ملزر اور فلپ پیٹزچنر نے جیتا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024