وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی، آئندہ آنے والے دنوں میں اہم قانون سازی سامنے آ سکتی ہے، افغانستان کی صورتحال اور ہمسایہ ہونے کے ناطے انسانی ہمدردی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات، بین الاقوامی روابط، کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا. وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو،ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے، اس حکمت عملی کے حوالے سے وزیر اعظم نے خود بھی بات کی اور مجھے بھی اظہار خیال کا موقع دیا. مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی،آئندہ چند روز میں ہمارے اقتصادی ماہرین کی ٹیم اس حوالے سے ممبرز کو آگاہ کرے گی. انہوں نے کہاکہ آئندہ آنے والے دنوں میں اہم قانون سازی(Legislation ) سامنے آ سکتی ہے، تمام پارٹی ممبران کو ان تمام قوانین سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ دلائل کی بنیاد پر پارٹی کے نقطہ نظر کو آگے بڑھا سکیں. وزیرخارجہ نے کہاکہ جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے تو ان کے لیے یہی کہوں گا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے،اپوزیشن کی یہ خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی.
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024