محکمہ ایکسائز کی امسال پہلی سہ ماہی میں ہدف سے زائد ٹیکس وصولی
ملتان(جنرل رپورٹر)محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکو ٹکس کنٹرول ملتان نے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں پراپرٹی ٹیکس وصولیوں میں 10 کروڑ روپے زائد ٹیکس وصولی کرلی ہے جس پر متعدد سرکل انسپکٹرز کی بہتر کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے نقد ایوارڈ دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر‘ ایڈمن خالد حسین قصوری کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 30 ستمبر تک ملتان ڈسٹرکٹ کے لئے مقررہ سالانہ ٹیکس اہداف کا 60 فیصد تک ریکوری کا ٹاسک دیا گیا تھا جس میں 6 انسپکٹرز 60 فیصد سے بھی زائد پراپرٹی ٹیکس وصولی کرکے نمایاں رہے ہیں جن میں انسپکٹر صابر نواز، انسپکٹر اسلم نیازی، انسپکٹر نعمان شہزاد، انسپکٹر مس مہرین صدیقی، انسپکٹر امیر احمد اور انسپکٹر احمد رضا شامل ہیں خالد حسین قصوری نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ملتان نے پہلی سہہ ماہی کے دوران 47 کروڑ 25 لاکھ روپے کی ٹیکس ریکوری کی ہے۔