نو جوانوں کی مہلت و ہنر مندی میں نئے معیار کی ضرروت ہے
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کو اپنے نوجوانوں کی مہارت و ہنرمندی کے نئے معیار ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں شرحِ روزگار میں اضافہ کیا جائے۔ کسی بھی ملک کی برانڈنگ بہت اہم ہے اور پاکستان کی برانڈنگ صداقت اور راست بازی پر مبنی ہونی چاہیے۔ مسلم ممالک کو بین الاقوامی تعلقات میں لیاقت اور اخلاقیات کی پالیسیز کو نافذ کرنا چاہیے جوکہ فی الوقت موجود نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کے پروگریسو اسمبلرز اور اتھارائزڈ ڈسٹری بیوٹرز، الحاج آٹوموٹیو پرائیویٹ لمیٹڈ نے اپنے اسٹیٹ آف دی آرٹ وہیکل اسمبلی پلانٹ کا کراچی میں افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شدّت سے انتظار کی گئی مقامی طور پر اسمبلڈ پروٹون ساگا کی رول آؤٹ تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔اس تقریب میں ملائشیا کے قونصل جنرل خیرانظرن ، الحاج آٹو موٹیو کے سی ای او ہلال خان آفریدیبھی موجود تھے۔ صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان عزت مآب ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر شرکت فرماکر اِس تاریخی تقریب میں الحاج کو مبارکباد پیش کی۔ صدرِ مملکت نے مزید فرمایا کہ مجھے پختہ امید ہے کہ پاکستان انتہائی کم وقت میں ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرانظرن نے الحاج آٹوموٹیو کو ملائشیا میں کووڈ19 سے متعلق لاک ڈاؤن کے باوجود اپنے پہلے اسمبلی پلانٹ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بدولت ملائشیا اور پاکستان کی دوطرفہ تجارت میں آنے والے برسوں کے دوران مزید اضافہ ہوگا۔ اُنھوں نے بتایا کہ پروٹون ملائشیا کی ترقی اور ٹیکنالوجیکل عروج کا افتخار ہے۔ ساگا ملائشیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہونے کی پچھلے 35 برسوں سے زائد کے ورثے کی حامل ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ پاکستان میں بھی نمبر ون سیلنگ سیڈان بن جائے گی۔لحاج آٹوموٹیو کے سی ای او، ہلال خان آفریدی نے کہا، ’’ پروٹون پاکستان پروجیکٹ کی تکمیل پوری الحاج ٹیم، اس کے سپلائرز اور وینڈرز کی انتھک محنت اور مشقت کا نتیجہ ہے۔ یہ اسمبلی پلانٹ نئے انڈسٹری اسٹینڈرڈز سیٹ کرے گا اور ہمیں پروٹون کی جانب سے متعین کردہ انٹرنیشنل کوالٹی اسٹینڈرڈز کی پیروی کرتے ہوئے نیو جنریشن پروڈکٹس کو متعارف کرنے کے قابل بنائے گا، ان شاء اﷲ‘‘۔پروٹون پاکستان کی ابتدائی سالانہ گنجائش25,000 یونٹس ہوں گے جسے مارکیٹ کی طلب کے مطابق مزید بڑھایا بھی جاسکے گا۔ پروٹون کارز کی پروڈکشن کیلئے استعمال کردہ ٹیکنالوجی اور ایکوپمنٹ میں ویلڈ اور پینٹس شاپس میں روبوٹس کا استعمال بھی شامل ہے۔ ہائی اینڈ وہیکل ٹیسٹنگ ایکوپمنٹ بشمول ایڈوانس ڈرائیور اسسٹنس سسٹم اور ملٹی فنکشن ٹیسٹنگ ایکوپمنٹ نصب کیے گئے ہیں تاکہ بہترین کوالٹی کی گاڑیوں کی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔ مینوفیکچرنگ ایگزیکیوشن سسٹم (ایم ای ایس) کو پروڈکشن کی کمپیوٹرائزڈ مانیٹرنگ اور کنٹرولنگ کیلئے بروئے کار لایا گیا ہے جس کے ذریعے اعلیٰ استعداد ِکار اور معیار کو یقینی بنانا ہے۔