حکومت کاروباری برادری کو خصوصی پیکج دے:میاں نعمان کبیر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے اقتصادی منظر نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری برادری کو خصوصی پیکیج دے۔ غلام سرور ملک کی سربراہی میں کاٹیج انڈسٹری، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شاہد نذیر کی سربراہی میں انجمن تاجران لاہور اور حاجی محمد حنیف کی سربراہی میں ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری کو پراپرٹی ٹیکس اور واٹر ٹیرف میں چھوٹ دی جائے اور ان مسائل کو جلد حل کیا جائے جو کاروباروں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو خصوصی مراعات دی جائیں کیونکہ یہ نہ صرف معیشت کا بنیادی حصہ ہے بلکہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں بھی کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کاٹیج انڈسٹری کے لیے اپنی پالیسیوں کو ازسرنو ترتیب نہیں دے گی تب تک معاشی بحالی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے بنگلہ دیش، چین ، کوریا اور امریکہ کی مثال دی جہاں چھوٹے کاروباروں کو بھی یکساں اہمیت دی جارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ایز اسی فیصد لیبر کو روزگار فراہم کررہی ہیں، کاٹیج انڈسٹری لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ضروریات پوری کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمارہی ہے۔