گرین لائن منصوبہ‘ مزید40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی
کراچی (نیوز رپورٹر) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے لیے مزید 40 بسیں جمعرات کو پہنچیں گی، بس سروس نومبر میں شروع کردی جائے گی۔ گرین بسیں لانے والا اوشین نامی جہاز 14 اکتوبر کو 11 بج کر 40 منٹ پر کراچی پورٹ پہنچے گا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی 40 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، وفاقی حکومت کے مطابق نومبر میں کراچی میں گرین لائن بس سروس کا آغاز ہو جائے گا۔یاد رہے کہ گرین لائن بس کا منصوبہ سنہ 2016 میں شروع ہوا تھا، اس منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزانہ سفری سہولیات مل سکیں گی۔ پہلے مرحلے میں گرین لائن بس سروس سرجانی سے نمائش تک چلائی جائے گی۔ بسیں مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہوں گی جن میں 200 سے 250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بس میں خواتین اور معذور افراد کے لیے نشستیں مختص ہوں گی۔