ڈاکٹر قدیر کے احسانات کا نئی نسل کو پتہ ہونا چاہیئے ، امین الحق
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سیدامین الحق نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی بدولت پاکستان ایٹمی طاقت بنا اور پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر قدیر کے نام سے کسی ضلع یا اہم عمارت، ایئرپورٹ کو منسوب کرنے کی میری تجویز کی تائید وزیراعظم پاکستان نے کی امید ہے جلد ہی اس سلسلے میں فیصلہ صادر کردیا جائے گا، انھوں نے یہ بات اسلام آباد میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قبر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سینیٹر خالدہ اطیب، اراکین قومی اسمبلی کشور زہرہ اور حافظ اسامہ قادری بھی تھے۔ اس موقع پر وزارت آئی ٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ وفاقی وزیرسید امین الحق اورمتحدہ اراکین نیڈاکٹرعبدالقدیرکی پاکستان کیلئے خدمات پرشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی بعد ازاں اپنی گفتگو میں سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قدیر کے احسانات کا نئی نسل کو پتہ ہونا چاہیئے ساتھ ہی کوئی ایئرپورٹ، کوئی یونیورسٹی، سائنس و ٹیکنالوجی کا ادارہ یا اہم عمارت ڈاکٹر قدیر کے نام سے منسوب کروانے کیلئے ہم ہر ممکن اقدامات کریں گے۔