خواتین کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان آئے گی‘ ویسٹ انڈیز نے تصدیق کر دی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے مینز ٹیم کے دورہ پاکستان سے پہلے ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز نے تین ون ڈے میچز کے لیے ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ تین روزہ میچز 8، 11 اور 13 نومبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلیں جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم نومبر کے شروع میں کراچی پہنچ کر 3 دن قرنطینہ میں گزارے گی۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیمیں سیریز کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے زمبابوے جائیں گی۔ دوسری جانب پی سی بی حکام ویسٹ انڈیز مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے بھی پر امید ہیں۔