پاکستان آئی ایم او کے انتخابات میں سی کیٹیگری کیلئے لڑ رہا ہے،علی زیدی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل کتیک لم کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ویڈیو کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے وزارت بحری امور رضوان احمد، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم خان ، آئی ایم او کے کوآرڈینیٹر کیپٹن محمد شفیق اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے انعقاد میں سیکرٹری جنرل نے حکومت کی جانب سے وزارت میری ٹائم کے ذریعے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے بندرگاہوں پر ماحول اور موثر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ علی زیدی نے کہا کہ پاکستان آئی ایم او کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان 1958 میں آئی ایم او میں شامل ہوا، پاکستان اس معزز فورم کے ابتدائی ارکان میں سے ایک ہے، پاکستان نے سی فیئررز کو آئی ایم او کے رہنما اصولوں کے مطابق کلیدی کارکن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ماحول کے تحفظ کے لیے گزشتہ ماہ مینگرووز لگائے، وزیر اعظم کا مقصد ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو علامتی طور پر اجاگر کرنا ہے۔