ایل ڈی اے کے زیر اہتمام ’’ہفتہ عشق رسول ؐ‘‘ کے تحت تقریبات جاری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے زیر اہتمام ’’ہفتہ عشق رسول ﷺ‘‘ کے تحت خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہرٹائون میں گزشتہ روز بھی سیرت النبی ﷺکانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس کا آغاز حافظ محمد بلال نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ نعت خواں حضرات نے حمد باری تعالیٰ اوربا رگاہ رسالت ﷺ میں ہد یہ نعت پیش کیا۔ مفتی منیر احمد علوی نے سیر ت طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیابی کا راز صرف اور صرف اتباع رسول ﷺ میں ہے۔ ہمیں سیرت النبی ﷺ کے بارے میں مسلمانوں میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔آقائے دو جہاں ، رہبر انسانیت حضرت محمد عربی ﷺ کی ناموس پر ہم اپنی جان بھی قربان کر سکتے ہیں۔