جانوروں کی پوستین سے بنی چیزوں پر پابندی:کیلیفورنیا پہلی امریکی ریاست بن گئی
واشنگٹن( بی بی سی)کیلیفورنیا امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں جانوروں کی پوستین یعنی بال والی کھال سے بنی چیزوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس امریکی ریاست کے شہری اب 2023 سے کھال سے بنے کپڑے، جوتے اور ہینڈ بیگز کی خرید و فروخت نہیں کر سکیں گے۔جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔ وہ گذشتہ کچھ عرصے سے اس پابندی کا مطالبہ کر رہے تھے۔یہ قانون چمڑے اور گائے کی کھالوں پر لاگو نہیں ہوگا اور نہ ہی اس سے ہرن، بھیڑ اور بکرے کی کھالوں کی خرید و فروخت پر اثر پڑے گا۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون ان مردہ جانوروں پر بھی لاگو نہیں ہوگا جنھیں مصنوعی طریقوں سے محفوظ رکھا گیا ہے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 ڈالر کا جرمانہ عائد ہوگا۔ متعدد مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر یہ جرمانہ 1000 ڈالر ہوگا۔