نیشنل ٹی ٹونٹی کپ‘خیبرپی کے نے بلوچستان ‘سندھ نے سنٹرل پنجاب کو ہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں شکست دیدی۔ فیصل آباد میں خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بلوچستان نے9 وکٹوں پر 140رنز بنائے۔ امام الحق نے 70 ‘اویس ضیاء نے31رنز بنائے۔ محمد محسن نے 4 ‘عثمان شنواری نے 2 جبکہ محمد الیاس اور افتخار احمد نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔خیبرپختونخوا نے ہدف 17.1اوورز میں حاصل کرلیا۔ فخر زمان 45 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عادل امین نے 21 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 31 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ یاسر شاہ، حارث سہیل اور عماد بٹ نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے میچ میںسندھ نے سنٹرل پنجاب نے تین وکٹوں سے ہرا دیا۔ سنٹرل پنجاب نے تین وکٹوں پر 188رنز بنائے ۔ بابر اعظم نے 59گیندوں پر 101رنز بنائے ۔وہ کیلنڈر ایئر میں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں تین سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ۔ سندھ نے ہدف سات وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ خرم منظور نے پچاس‘اسد شفیق نے 45اور سرفرازا حمد نے تیس رنز بنائے ۔ انور علی 22گیندوں پر ناقابل شکست رہے ۔ آج دو میچ کھیلے جائیں گے ۔پہلے میچ میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب اور دوسرے میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔