وزیراعظم کا سرسبز و شاداب پاکستان کا خواب پورا کرینگے: عبدالعلیم خان
لاہور (خبر نگار) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا سر سبز و شاداب پاکستان کا خواب ہر قیمت پر پورا کریں گے اور نئے پودے لگانے ،گلی محلوں کو صاف ستھرا رکھنے اور اپنے گردو پیش گندگی نہ پھیلانے کیلئے شہریوں میں آگاہی پیدا کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ عوام کی شمولیت کے بغیر کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکتا ،صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس مقصد کیلئے ہر شہری کو کوڑا کرکٹ باہر پھینکنے سے اجنتاب کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کلین اینڈ گرین مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں جنگلات کا رقبہ مطلوبہ شرح فیصد سے کہیں کم ہے ،دوسری طرف آلودگی آخری حدوں کو چھو رہی ہے ،ہم ہر سال سموگ کی زد میں ہوتے ہیں اور یہ نا گفتہ بہہ صورتحال شہریوں کی صحت کے لئے بھی انتہائی خطرے کا باعث ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پی کے کی طرز پر ملک بھر میں شجر کاری مہم کامیاب بنانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے آج سے شروع کردہ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو ہم سب مل کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ، سینئر وزیر نے کہا کہ نئے پاکستان کی تشکیل میں صاف ستھرے ماحول کو گہراعمل دخل حاصل ہے اور ہم سب کو مل کر اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے ،صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے بھی سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے ہمراہ پودا لگایا ،صفائی مہم میں حصہ لیا۔