عمران خان پاناما لیکس کے 435 افراد کٹہرے میں لائیں: لیاقت بلوچ
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سب کا احتساب کرنے کو تو کہ رہے ہیں لیکن وہ پانامہ لیکس کے 435 افراد کو بھلا بیٹھے ہیں۔جس کے لیے عمران خان خود اور جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کررکھی تھی۔اب عمران خان کا فرض بنتا ہے کہ وہ پانامہ کے دیگر435افراد کو بھی کٹہرے میں لائیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابات 2018ء میںبے ضابطگیوں اوردھاندلی کے خلاف حکومت نے کمیشن تو بنایادیا ہے۔ لیکن حکومت کو اپوزیشن یا کسی غیرجانبدار فرد کو کمیشن کا سربراہ بنانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ کرکے حکومت نے اس کمیشن کی حیثیت کو مشکوک بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے 100روز کے اقدامات کو بڑی توجہ اور دلچسپی سے دیکھ رہی ہے۔لیکن ابھی تک حکومت کے پلان میں عوام کو ریلیف دینے کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا ۔اسی وجہ سے عوام پر مہنگائی کرنے کی بمباری روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہے۔