امریکی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں‘ چین‘ کشیدگی سے عالمی تجارت کو خطرہ نہیں : واشنگٹن
بیجنگ (اے پی پی‘ آئی این پی) چین نے امریکی دھمکیوں اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین امریکی خطرات کا جواب دینے اور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر امریکی دھمکیوں اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا چین امریکی خطرات کا جواب دینے اور مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔چین نے امریکہ کی طرف سے تازہ ترین اقدامات اور چینی اجناس پر 267 ارب ڈالر ڈیوٹی عائد کرنے کے اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا وہ امریکہ کی ہر دھمکی کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہے۔ دریں اثناءچین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی رہنماوں نے حالیہ دنوں بیانات دیئے ہیں کہ چین میں انسانی حقوق کی صورتحال ایک بار پھر بگڑ رہی ہے۔جبکہ ایسے بیانات حقیقت کے برعکس ہیں۔ درحقیقت چینی حکومت ہمیشہ عوام کے انسانی حقوق کو بہت اہمیت دیتی ہے۔امریکی حکومت کو خود اپنے ملک میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر غور کرنا چاہیے اور انسانی حقوق کے بہانے دوسرے ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت کو ترک کرنا چاہیے۔دوسری جانب امریکہ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ اس کی تجارتی کشیدگی سے عالمی تجارت کو کوئی خدشہ نہیں،چین پر تجارت کی آزادی کے لیے دباﺅ ڈالنا سب کے لیے بہتر ہوگا۔وزیر خزانہ سٹیون منوچین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین پر سزا کے طور پر اضافی محصولات کے نفاذ کی مہم سے تجارت کے حوالے سے غیر جانبدارانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی جس کے شدید اثرات ہوں گے۔ہمار مقصد بالکل واضح ہے کہ اسے امریکا کے ساتھ زیادہ متوازن تجارتی تعلقات رکھنے ہوں گے۔
چین‘ امریکہ