مسئلہ کشمیر کا حل حکومت عملی اقدامات کیلئے پرعزم ہے ‘ شیریں مزاری
اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے، موجودہ حکومت اس دیرینہ تنازعہ کے حل کے لئے بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنوینئر غلام محمد صافی کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سید فیض نقشبندی، محمود احمد ساغر، عبدالحمید لون، راجہ خادم حسین اور شمیم شاد شامل تھیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال بالخصوص کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ اور اس تنازعہ کے حل کے حوالے سے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور یہ حمایت جاری رکھے گا۔