آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سمیت متعدد اعلیٰ عہدیداروں نے استعفیٰ دیدیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد،چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری، سینیئرنائب صدر چوہدری اشرف ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کامران خان سمیت کئی اعلیٰ عہدیداران اور پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی بڑی تعداد پارٹی عہدوں اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئی ہے۔اس بات کا اعلان ہفتہ کو آل پاکستان مسلم لیگ کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعدڈاکٹر محمد امجد نے دیگر راہنماؤں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 30ستمبر کو اے پی ایم ایل کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عہدیداران چیئرمین، چیف آرگنائزر اور سیکرٹری جنرل نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم سی ای سی کے اراکین نے استعفے منظور کرنے کی بجائے سینٹرل ورکنگ کمیٹی سے مشاورت کی تجویز پیش کی تھی جس سلسلے میں آج پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پارٹی آئین کو سبوتاژ کرتے ہوئے غیر جمہوری طریقے سے ایک ایسے شخص کو پارٹی چیئرمین بنانے پر مجبور کیا گیا جس کا پارٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں رہا۔ ساتھ ہی چیئرمین اور چیف آرگنائزر کے استعفے منظور جبکہ سیکرٹری جنرل کا استعفیٰ نامنظور کرنے کے لئے مجبور کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔ آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق پارٹی رہنماؤں کا انتخاب سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کی تجویز پر سینٹرل ورکنگ کمیٹی کرتی ہے۔ استعفوں کے فیصلے پر بدستور قائم ہیں۔ ورکنگ کمیٹی کے ان اراکین کا شکریہ۔ اس موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر سیدفقیر حسین بخاری،سینیئرنائب صدرچوہدری محمد اشرف،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کامران خان، بلوچستان کے صدر سرور پانیزئی، سندھ کے جنرل سیکرٹری پیرمیاں زبیرجنوبی پنجاب کے صدرڈاکٹر فرخ چیمہ کے پی کے کے صدر سرمیر خان، آزاد کشمیر کے صدر جاوید مغل، یوتھ ونگ کے صدر راجہ شاہد،شعبہ خواتین کی صدر محترمہ تقدیرہ اجمل شعبہ خواتین فیڈرل کیپیٹل کی صدر سیدہ فردوس نے بھی اپنے عہدوں اورپارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ ان کے ساتھ ساتھ پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین کے اکثریت نے بھی پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پرعہدیداران اور کمیٹی کے اراکین کا کہنا تھا کہ اے پی ایم ایل کا قیام ڈاکٹر امجد کے ساتھ ہے۔ اگر ڈاکٹر امجد پارٹی میں نہیں ہیں تو ہم بھی نہیں ہیں۔ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ہم بہت جلد ایک پریس کانفرنس میں اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔