مقبوضہ کشمیر: ایک اور نو جوان شہید‘ انتخابی ڈھونک کے تیسرے مرحلے پر مکمل ہڑتال
سری نگر(کے پی آئی‘ آن لائن) جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک کشمیر نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج نے ہفتے کی علی الصبح بابا گنڈ پلوامہ کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اس دوران بھارتی فوج کی 55راشٹریہ رائفلز نے شبیر احمد ڈار کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ایس ایس پی پلوامہ چندن کوہلی نے میڈیا کو بتایا بابا گنڈ پلوامہ میں شبیر احمد ڈار فوج سے مقابلے میں مارا گیا۔ پلوامہ ضلعے میں موبائل انٹر نیٹ سروسز پوری طرح سے منقطع کردی گئی ہیں جبکہ ضلعے میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے . بھارتی فوج نے نادی گام شوپیان گائوں کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کردی ،تاہم اس دوران نوجوانوں کی ٹولیاں مختلف سمت سے سڑکوں پر نمودار ہوئیں،جنہوںنے احتجاجی مظاہرے کئے اور محاصرہ مخالف مظاہروں کے دوران مشتعل ہو کر فورسز پر پتھراو کیا ۔جوابی کارروائی میں فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کی۔ ادھر شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا گیا ہے ۔ سوپور قصبہ میں نامعلوم افراد نے ہفتہ کے روز ایک پولیس اہلکار جاوید احمد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس اہلکار جاوید احمد کے وارپورا میں واقع گھر میں ان پر گولیاں چلا ئی گئیں ۔ گولی لگنے سے جاوید نے موقع پر ہی دم دوڑ دیا۔تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر پی ایچ ڈی سکالر منان وانی کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی پاداش میں علی گڑھ پولیس نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی کے دو کشمیری طلبا وسیم ایوب ملک اور عبدالحسیب میر کے خلاف بھارت دشمنی کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے 3 کشمیری طلبا کا داخلہ منسوخ اور 9 طلبا کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے ۔نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے پر ہفتے کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ آزادی پسند قیادت سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اورمحمدیاسین ملک کی اپیل پر انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی تاکہ بھارت کو یہ پیغام دیاجاسکے کہ کشمیری انتخابی ڈھونگ کو مسترد کرتے ہیں اور وہ صرف حق خودارادیت کے حصول کے خواہاں ہیں۔ مینڈھر کے کیری سیکٹر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک بھارتی فوجی اہلکار لانس نائیک بھوپندر سنگھ زخمی ہو گیا ہے۔ تیسرے مرحلے میں8 شہری بلدیاتی اداروں کے96 وارڈوں میں365 امیدوار میدان میں ہیں اور اس مرحلے میں193990 رائے دہندگان کے لیے سرینگر ،ترال،اونتی پورہ، Mattan، پہلگام، عیش مقام، سیرہمدان، حاجن اوراڑی کے علاقوں میں 300 پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے حریت سید علی گیلانی نے منان بشیر وانی اور اس کے ساتھی عبدالغنی خواجہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بھارتی قابض فوج نے ظلم وجبر کی تمام حدیں پار کی ہیں۔ جوانوں کو پشت بدیوار کرکے انتہائی اقدام کی طرف دھکیلنے کے لیے مجبور کرکے انہیں بے دردی سے قتل کرنے کا جواز پیدا کرتے ہیں۔حریت کانفرنس ،لبریشن فرنٹ، فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ،انجمن شرعی شیعیان،مسلم لیگ، پیپلز لیگ،سالویشن مومنٹ،محاذآزادی،پیروان ولایت، اسلامک پولیٹکل پارٹی اور ینگ مینز لیگ نے ڈاکٹر منان وانی اور اس کے ساتھی عبدالغنی خواجہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانیاں تحریک کا انمول اثاثہ ہیں اور پوری قوم جہاں ان قربانیوں کی مقروض ہے۔