امریکی محکمہ دفاع پر بڑا سائبر حملہ،سفری ریکارڈز چوری کر لیے گئے
واشنگٹن(این این آئی)امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نا معلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کر لیے ہیں۔ ہزاروں ورکرز کا ذاتی ڈیٹا ان ہیکرز نے چوری کیا ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا کہ نامعلوم ہیکرز نے محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کیے۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پینٹاگون کو اس ہیکنگ کے بارے میں 4 اکتوبر کو معلوم ہوا۔ سائبر حملہ آور امریکی محکمہ دفاع کے قریب 30 ہزار اہلکاروں کے ذاتی اور کریڈٹ کارڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس نقصان سے پیدا ہونے والے خطرات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہیکنگ کا حجم اور ہیکرز کی شناخت جاننے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔