سعودی عرب کیساتھ تعلقات انتہائی شاندار‘ اسلحہ کے سودے معطل کرنے کا ارادہ نہیں: ٹرمپ
ریاض (صباح نیوز‘ اے پی پی‘ اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اسلحے کے سودے معطل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اس لیے امریکہ میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر قدغن لگانے کی بھی کوئی وجہ نہیں۔ انہوں نے عالمی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب امریکہ کے علاوہ روس اور چین سے بھی اسلحہ خریدسکتا ہے اور وہاں سرمایہ کاری بھی کر سکتا ہے اس لیے اسلحے کے سعودی سودوں پر بندش سے امریکہ ہی کو نقصان ہو گا۔ امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں کہاسعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات انتہائی شاندار ہیں اور ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان بہت سارے معاملات ہیں۔ ان کا کہنا تھاہمارے باہمی اقتصادی تعلقات ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں جن کا ایک حصہ ہمارے دفاعی نظام سے تعلق رکھتا ہے۔ سعودی عرب پر پابندی ایسی گولی کے مترادف ہے جسے نگلنا امریکہ کے لیے بے حد مشکل ہے۔