امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان کی تباہ کاریاں جاری‘ ہلاکتیں 17 ہوگئیں
فلوریڈا(صباح نیوز)امریکہ میں سمندری طوفان مائیکل کی تباہ کاریاں جاری ہیں، امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی، درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ،گھر اور سڑکیں تباہ ہوگئیں،مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی تاریخ کے بدترین سمندری طوفان مائیکل نے فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی میں تباہی مچا دی ہے،جہاں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، دوسری جانب لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔خطرناک سمندری طوفان مائیکل کے امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی سے ٹکرانے کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ طوفان کے باعث لاکھوں کی تعداد میں افراد متاثر ہوئے ہیں۔فلوریڈا کے شمال مغربی ساحلی علاقے پر ہر جانب تباہی کے مناظر ہیں، 250کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواوں نے راستے میں آنے والی ہر شے کو اڑا کر رکھ دیا ہے، سڑکیں ٹوٹ گئیں، جارجیا اور فلوریڈا کا خوبصورت ساحل اجاڑ بستی کا منظر پیش کر رہا ہے۔فلوریڈا کے چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بھی نقصان پہنچا، کئی درخت گر گئے، فلوریڈا کے گورنر رک سکوٹ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، طوفان سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے، نو لاکھ گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔فلوریڈا کے حکام نے کہا کہ طوفان کے باعث متاثرہ 6 ہزار 700 افراد نے 54 شیلٹرز میں پناہ لی ہے، ورجینیا اور کیرولائنا میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے، فلوریڈا، الباما، کیرولیناز اور جارجیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔فلوریڈا کے گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل نے بہت ساری زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کر دیا اور بہت سے خاندانوں نے اپنا سب کچھ گنوا دیا۔ امدادی ٹیموں نے متاثرین کی نعشوں کی تلاش شروع کر دی۔