سٹاک مارکیٹ شدید مندی:100 انڈیکس1700 پوائنٹس گر گیا‘
کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی اورکے ایس ای100انڈیکس1700پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس39ہزار اور38ہزار پوائنٹس کی2نفسیاتی حد سے گر گیا اور37500پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے اثرات غالب آنے سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے361ارب روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 80کھرب روپے سے گھٹ کر77کھرب روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور 3دن کی مندی سے انڈیکس2602.22 پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ2دن کی محدود کاروباری تیزی سے انڈیکس نے893.8پوائنٹس ریکور کئے مگر مجموعی طور پر مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق امرکی صدر کی جانب سے شرح سود میں اضافے ۔ماہرین کے مطابق عالمی کساد بازاری پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بری طرح اثر انداز ہو رہی ہے جبکہ ملکی معاشی و اقتصادی پالسیوں پر عدم اطمینان جیسی صورتحال بھی مارکیٹ کو تنزلی کی جانب دھکیل رہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاربھی منافع کی خاطر حصص کی فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نیا ٹریگر کا نہ ہونا بھی اسکی تنزلی کا سبب بن رہا ہے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 1708.42پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 39226.35پوائنٹس سے کم ہو کر37517.93پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 820.96پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 18256.91پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28795.99پوائنٹس سے کم ہو کر27767.45پوائنٹس ہو گیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 3کھرب 61 ارب48 کروڑ13 لاکھ95 ہزار154روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔