;صحافی خشوگی کی گمشدگی‘ سعودی عرب ملوث ہوا تو سخت سزا ملے گی : ٹرمپ کی دھمکی
واشنگٹن/ ریاض(اے ایف پی + نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی میں سعودی عرب کا ہاتھ ہوا تو سزا ناگزیر ہوگی۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل کو انٹرویو میں سعودی عرب کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، سعودی حکام نے گمشدگی میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے تاہم اگر سعودی عرب گمشدگی میں ملوث پایا گیا تو سزاو¿ں کے مختلف آپشنز موجود ہیں۔دوسری جانب سعودی وزیر داخلہ شہزادہ سعود بن نائف بن عبدالعزیز نے صحافی جمال کی گمشدگی سے متعلق سعودی حکومت کے خلاف الزامات کی مذمت کی ہے۔سعودی وزیر داخلہ نے کہا کہ میڈیا کے مختلف ذرائع پر گمراہ کن مہم اور جھوٹی خبریں منظم پروپیگنڈے کا حصہ ہیں اور ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ ادھر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئراس نے کہا ہے حقائق سامنے لائے جائیں۔ خدشہ ہے مزید گمشدگیاں ہوں گی اور نیا معمول رائج ہوجائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا سعودی عرب کے ساتھ اسلحے کے سودے معطل کرنے کا کوئی ارادہ ہے نہ امریکہ میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر قدغن لگانے کی بھی کوئی وجہ ۔ انہوں نے عالمی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب امریکہ کے علاوہ روس اور چین سے بھی اسلحہ خریدسکتا ہے اور وہاں سرمایہ کاری بھی کر سکتا ہے اس لیے اسلحے کے سعودی سودوں پر بندش سے امریکہ ہی کو نقصان ہو گا۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات انتہائی شاندار ہیں اور بہت سارے معاملات ہیں۔ ان کا کہنا تھاہمارے باہمی اقتصادی تعلقات ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں جن کا ایک حصہ ہمارے دفاعی نظام سے تعلق رکھتا ہے۔ سعودی عرب پر پابندی ایسی گولی کے مترادف ہے جسے نگلنا امریکہ کے لیے بے حد مشکل ہے۔
ٹرمپ