حکومت کا آئی ایم ایف کے پاس جانا افسوسناک صوبوں کے حصوں میں کمی کی شرائط غیر آئینی ہیں رضا ربانی
لندن (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف اور عالمی سامراج کے پاس جانا افسوسناک ہے ۔ آئی ایم ایف کی صوبوں کے حصوں میں کمی کی شرائط غیر آئینی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار رضا ربانی نے فیض میلے میں شرکت کے لیے لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھاپاکستان میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہو چکا ہے ۔ 140 فیصد سے زائد گیس نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ سی این جی کی قیمت 100 روپے فی کلو ہو گئی ہے جو کہ پیٹرول سے بھی مہنگی ہے ۔یہ تاریخ میں پہلی بار ہے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا سٹاک ایکسچینج گری اور ابھی اس نے اپنے آپ کو تھوڑا سا سنبھالا دیا ۔ پاؤنڈ 170 روپے سے اوپر چلا گیا اور ڈالر 133 کے قریب آ کر کھڑا ہوا ہے اس سے پاکستان کی محنت کش اور مڈل کلاس کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔
رضا ربانی