فیصل رضا عابدی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل، گرفتاری پر عدالت کا اظہار حیرت
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم د یتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد پولیس اتنی ذمہ دار کیسے ہوگئی، یہاں تو لوگ درخواست دے دے کر مر جاتے ہیں، کوئی کارروائی نہیں ہوتی، ایک شخص سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد نکل رہا تھا ا سے گرفتار کر لیا، صرف مساوی نظام کی بات کررہا ہوں، بدقسمتی ہے ہر کسی کو اپنی وردی کی پڑی ہوئی ہے، عمران خان اور طاہر القادری کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا، وہ تقریریں کرتے رہے ۔ ہفتہ کو اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر کی عدالت میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے سابق سینیٹر کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔جج نے فیصل رضا عابدی کی گرفتاری پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جو ہورہا ہے وہ نظر کیوں نہیں آرہا، یہ امتیازی سلوک کیوں؟