بین القوامی نمائش ہونان کموڈٹی ایشیا اور آفس سپلائز نمائش کا اختتام
کراچی(کامرس رپورٹر) پہلی تین روزہ بین القوامی ہونان کموڈٹی ایشیا اور آفس سپلائز، اسٹیشنری اینڈ ایجوکیشن نمائش میں 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے باہمی معاہدے ہوئے۔ جدید چین کے بانی رہنما " ماؤ زے تنگ"کے صوبے سے اعلٰی اختیاراتی وفد نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ نمائش کے دوران ہونانی محکمہ تجارت ( سی سی پی آئی ٹی ) کے نائب صدر وو ڈینگو نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان آکر خوشگوار حیرت ہوئی، پاکستانیوں عوام اور تاجر طبقے کی مہمان نوازی نے دل جیت لیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے چین بھرپور تعاون کے لیئے تیار ہے۔ وو ڈینگو نے کہا کہ کے پی کے حکومت نے چھوٹے ہائیڈرو پاور منصوبوں کے لئے مشینری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چھوٹے ہائیڈرو پاور منصوبوں سے پانی ذخیرہ کے ساتھ توانائی قلت پر بھی قابوپانے میں مدد ملے گی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہونان کے نائب چیرمین یانگ گوانگ لینگ نے کہا کہ دنیا بھر میں بجلی اور پانی کی بچت کے لیئے جدید آلات متعارف کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں ہونان پاکستان کو پانی اور بجلی کے جدید میٹر بھی فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی محبتیں ساتھ لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے معاشی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں ون بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کا روشن ترین مستقبل نظر آرہا ہے۔ ای کامرس گیٹ وے کے تحت پہلی تین روزہ بین القوامی ہونان کموڈٹی ایشیا اور آفس سپلائز، اسٹیشنری اینڈ ایجوکیشن نمائش میں 26 ہزار افراد نے شرکت کی۔ دونوں نمائشوں میں زراعت، تعمیرات، کیمیکلز، آپٹک فائبر، ہائیڈرو پاور، کے علاوہ آفس ایکویپمنٹ، اسٹیشنری، سپلائز سے متعلق 80 سے زائد اسٹالز مقامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز بنے۔ ای کامرس گیٹ وے کے نائب صدر عزیر نظام نے کہا کہ ہونان کے وفد نے پاکستان کے متواتر دوروں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ عزیر نظام نے کہا کہ وفد نے ای کامرس کے تحت دسمبر میں ہونیوالی تین روزہ بیلڈایشیا نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔