مسجد کی سطح پر امن و انصاف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں‘ متحدہ علماء محاذ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ روز بروز گرتی ہوئی معیشت اور بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی کی ابتر صورتحال میں قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کیلئے آسان طریقہ انتخاب وضع کیاجائے ‘ قومی اسمبلی اس سلسلے میں قانون سازی یقینی بنائے۔ مولانا محمد امین انصاری نے حکومت کومزید تجویز دی کہ تھانہ کی حدود میں ہر مسجد کی سطح پر امن و انصاف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جس کے ذریعے عوام کے مسائل حل ہوسکیں اور ہر قسم کی غیر قانونی‘ منفی سرگرمیوں ‘ فرقہ واریت ‘دہشتگردی کا خاتمہ اور امن کی فضا قائم ہوسکے۔مساجد کو خلفائے راشدینؓ کی منہج پر لانے اور تھانوں سے پراعتماد عوامی رشتہ جوڑنے کی اشد ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار مولانا محمد امین انصاری نے مولانا مفتی ہارون مطیع اللہ‘ جامعہ دعوۃ الحق کے سربراہ مولانا مفتی محمد بخاری‘ بزرگ عالم دین یادگار اسلاف مولانا عبدالستار توحیدی‘ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اختر محمدی اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما خطیب اہلبیت علامہ علی کرار نقوی کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آنے والے علیحدہ علیحدہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔