ضمنی انتخا بات‘ اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ دیا جائے‘ علی اکبر گجر
کراچی(اسٹاف رپو رٹر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے سابق صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے پاکستان کو غیر منتخب اور دھاندلی کی پیداوار حکومت سے نجات دلانے کا آغاز آج کے ضمنی انتخاب سے ہوگا۔ آج کے ضمنی انتخاب پاکستانی قوم کو نا اہل اور نا تجربہ کار حکمرانوں سے نجات کی نوید سنائیں گے‘ پاکستان میں حقیقی تندیلی اور عوام کے ووٹ کی قوت سے نئے حکومت آنے کے دن بہت قریب آ رہے ہیں‘ حقیقی جمہوری قوتوں کا اتحاد عوام کے مسائل کے حل کیلئے میدان عمل میں آچکا ہے اب پاکستان پر کسی محکمہ زراعت کی مسلط کردہ حکومت نہیں عوام کے محبوب منتخب نمائندوں کی حکومت ہو گی‘ قوم کے ساتھ جولائی کے انتخابات میں جو مذاق کیا گیا اسے دوبارہ دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علی اکبر گجر نے قوم سے اپیل کی کہ ملک بھر میں حزب اختلاف کے امیدواروں کو کامیاب کر کے جولائی کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو بے نقاب کریں۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ ووٹ کی قوت آج محکمہ زراعت کے مسلط کردہ حکمرانوں کو گھر کا راستہ دکھائے گی آج کے ضمنی انتخاب تبدیلی کی تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے۔