سینٹرل جیل کے بیمار و زخمی قیدیوں کا کوئی پرسان ِ حال نہیں‘ شفیع محمد پیرزادہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل کراچی کے بیمار و زخمی مریضوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے‘ جناح و سول اسپتالوں کے ڈاکٹروں کا بیمار قیدیوں کو علاج کے بغیر واپس بھیج دینا قابلِ افسوس ہے یہ بات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر شفیع محمد پیرزادہ نے دورے کے موقع پر قیدیوں سے ملاقات اور ان کی شکایت کے بعد کہی۔ سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری حیدر علی حیدراُن کے ہمراہ تھے۔ شفیع محمد پیرزادہ نے کہاکہ قیدی بھی انسان ہیں علاج اُن کا حق ہے ان کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو چاہئے کہ وہ خود بھی جیلوں کا دورہ کریں اور وہاں بیمار و زخمی قیدیوں کی حالتِ زار کا خود مشاہدہ کریں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر شفیع محمد پیرزادہ جب جیل اسپتال میں داخل ہوئے تو بیمار و زخمی قیدیوں نے جناح و سول اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے خلاف شکایتوں کے انبار لگادیئے جبکہ بعض قیدیوں نے انہیں بتایا کہ انہیں علاج کیلئے سرکاری اسپتالوں میں بھیجا نہیں جا رہا۔ اس موقع پر موجود جیل اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر جی ایم سنڈھرانی کا کہنا تھا کہ جناح اور سول زخمی و بیمار قیدیوں کو بھیجا بھی جائے تو انہیں اٹینڈ نہیں کیا جاتا اس صورتحال میں وہ کیا کریں۔ سزائے موت کا قیدی محمد ادریس ولد محمد شیخ نے معزز جج سے درخواست کی کہ وہ بہت بیمار ہے اسے علاج کیلئے جناح اسپتال بھیجا جائے۔