ڈی جی خان:کو مبنگ آپریشن 8 دہشت گرد ہلاک :ڈیرہ بگٹی بارودی سرنگ برآمد

14 اکتوبر 2016

لاہور+ ڈیرہ بگٹی+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈی جی خان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے آٹھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے، سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران تین دہشت گرد فرار ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں سے تین دستی بم، آٹو میٹک رائفل اور چار پستول برآمد کر لئے گئے، دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گردوں کو ڈی جی خان کے پہاڑی علاقے تومی والا میں ہلاک کیا گیا ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے، دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے، دہشت گرد ملتان اور شجاع آباد میں حساس مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے ٹوبہ نوحکانی میں ایف سی نے تحریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔ سڑک کنا رے نصب کی گئی بارودی سرنگ کو برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا ۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے ٹوبہ نوحکانی میں نامعلوم افراد نے تحریب کاری کی نیت سے بارودی سرنگ سٹرک کنارے نصب کررکھی تھی۔اطلاع ملنے پر ایف سی کے اہلکاروں نے بارودی سرنگ برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا۔ ادھر سی ٹی ڈی نے پتنگ چوک پشاور سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا دہشت گرد عامر چند روز قبل قاضی مکے میں فائرنگ کے تبادلہ میں فرار ہوا تھا۔ ملزم بھتہ خوری، اغوائ، بارودی مواد رکھنے کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ بیورورپورٹ کے مطابق پشاور پولیس نے یوم عاشور کے موقع پر تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب سے کھیتوں میں چھپائے گئے8راکٹ لانچرز گولے برآمد کرلئے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں تھانہ ریگی پولیس نے 1999سے دہشت گردی اور پولیس مقابلوں میں مطلوب خطرناک گینگ’’جان کمانڈر‘‘ کے سربراہ کے بڑے بھائی و ایف سی کے سابق اہلکار ایاز خان کو دستی بموں اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں درہ آدم خیل سے غیر ملکی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا، پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق خاتون کے پاس سفری دستاویزات موجود نہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے شیخی گیٹ کے قریب پولیس چیک پوسٹ سے چند قدم کے فاصلے پر دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا ،سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم دہشگردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گڈاپ میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کالعدم تنظیم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں برآمد کر لی گئیں۔