متحدہ لندن نے خواجہ اظہار، عامر خان، فیصل سبزواری، کشور زہرا کی پارٹی رکنیت ختم کر دی
کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ (لندن) نے ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنماؤں عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری اور کشور زہرا کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کردی۔ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے سینئر ارکان کا اجلاس کنوینئر ندیم نصرت کی سربراہی میں ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی پر عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری اور شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا کو تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیا۔ایم کیو ایم لندن کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی بنیادی رکنیت پہلے ہی خارج کی جاچکی ہے۔پریس ریلیز میں ایم کیو ایم کے کارکنان اور ذمہ داران کو ہدایت کی گئی وہ خارج کئے جانے والے افراد سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھیں۔