شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے مکانات کی تعمیر کیلئے ایک ارب 93 کروڑ روپے جاری

14 اکتوبر 2016

اسلام آباد (اے پی پی) حکومت نے شمالی وزیرستان کے بے گھرافراد کے مکانات کے معاوضہ کے لئے ایک ارب 93 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب میں مکمل تباہ ہونے والے گھر کے لئے چار لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثر ہونے والے گھر کے لئے ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔ فاٹا آر آر یو کے ڈپٹی پروگرام منیجر حما دخان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں بے گھر افراد کے مکانات کی دوبارہ تعمیر کے لئے معاوضوں کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے 19 ہزار گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لئے ایک ارب 93 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ اب تک شمالی وزیرستان کے تین سو 97 مکانات کے معاوضوں کی رقم ادا کردی گئی ہے جن میں سے 72 مکمل طور پر تباہ جبکہ تین سو 25 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں میں بھی مکانات کی دوبارہ تعمیر کے لئے معاوضہ ادا کیا جارہا ہے ۔