’’سب سے پہلے امریکہ‘‘ ٹرمپ کا انتخابی نعرہ، مزید کئی خواتین نے دست درازی کا الزام لگا دیا

14 اکتوبر 2016

فلوریڈا (این این آئی+رائٹرز+ آئی این پی) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’سب سے پہلے امریکہ‘‘ کا نعرہ لگا دیا ۔ دوسری جانب امریکی ریاست کولوراڈو میں انتخابی مہم کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی۔ ہلیری نے حامیوں سے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت پر مبنی مہم کو مسترد کردیں۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں انتخابی مہم کے دوران خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے نہیں بلکہ امریکہ کے صدر بننے کے لئے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے مخالفین پر بھی ایک بار پھر خوب تنقید کی اور ہلیری کلنٹن کے حوالے سے ای میلز ایشو کوتنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر صدر بننے کی صورت میں ہلیری کو جیل بھیجنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ نے بھی امریکی صدر بننے کے لئے ہلیری کی حمایت کر دی۔ امریکہ کے بڑے اخبار نے کہا ہلیری میں امریکہ کی صدر بننے کی شاندار صلاحیت ہے۔ دوسری طرف ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت جاری رکھنے کے فیصلے پر واشنگٹن میں خواتین نے ری پبلکن پارٹی کے دفتر کے سامنے خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرنے پر ٹرمپ کے خلاف احتجاج کیا۔ دریں اثناء مزید کئی خواتین نے ٹرمپ پر دست درازی کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ 2 خواتین نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا، 74 سالہ خاتون جیسیکا لیڈز نے بتایا اس کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ تقریباً 30 سال پرانا ہے۔ وہ نیویارک جانے والی ایک پرواز میں طیارے کے اول درجے میں ٹرمپ کے برابر والی نشست پر بیٹھی تھی کہ ٹرمپ نے دست درازی کی اور مجھے چھونا شروع کر دیا۔ دوسری خاتون راشیل کروکس کے مطابق ٹرمپ نے جب اس کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تو اس کی عمر 22 برس تھی۔ 2005 میں لفٹ میں ٹرمپ نے ان کا بوسہ لیا۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے بعد کئی میڈیا آئوٹ لیٹ نے ایسی رپورٹیس شائع کی۔ پیپل میگزین کے مطابق ٹرمپ کی دست درازی کا انکشاف کرنے والوں میں نتاشا نے کہا 2005 میں فلوریڈا میں ان سے دست درازی کی گئی۔ پام بیچ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق میگلیورے نامی 36 سالہ خاتون نے جنوبی فلوریڈا میں 13 سال قبل پیش آنے والے دست درازی کے واقعہ کا انکشاف کیا۔ 2013 کی مس واشنگٹن کاسندرا سرلیس نے بھی ٹرمپ پر دست درازی کے الزامات لگائے۔ واضح رہے ٹرمپ کی 2005 کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ خود خواتین سے زبردستی بوسہ لینے، ان کے ساتھ دست درازی کرنے کے حوالے سے ڈینگیں مارتے رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے بعد ایک سروے میں ہر 5 میں سے ایک ریپبلکن ووٹر کے مطابق اس ویڈیو کے بعد ٹرمپ صدارت کیلئے نااہل ہو گئے ہیں۔ وہ ہلیری سے 8 پوائنٹ پیچھے چلے گئے ہیں۔ ٹرمپ کی مہم نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک ٹائمز کی خبر ٹرمپ کی 'کردار کشی' کی کوشش ہے۔ انہوں نے اخبار کو دھمکی دی ہے کہ اگر یہ خبر واپس نہ لی گئی تو اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی خبر پر قائم ہے۔ دریں اثناء امریکہ میں 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے ابتدائی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، ریاست اوہائیو کے شہروں کلیو لینڈ اور سنسناٹی میں ووٹ ڈالے گئے۔ امریکہ کی 38 ریاستوں میں تقریبا ایک ماہ پہلے ووٹنگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ تازہ ترین سروے اور جائزہ رپورٹوں کے مطابق ہلیری کلنٹن کو ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہو گئی ہے۔