گوجرانوالہ: سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے زچہ بچہ جاں بحق، ورثاء کا مظاہرہ

14 اکتوبر 2016

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے زچہ بچہ جاں بحق ہو گئے، ورثاء نے ٹراما سنٹر کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی، بتایا گیا ہے نوشہرہ روڈ کی رہائشی نادیہ کو گزشتہ روز ڈلیوری کیس کے سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا جہاں مبینہ طور پر کوئی لیڈی ڈاکٹر موجود نہ تھی اس دوران خاتون نے بچے کو جنم دیدیا جبکہ ڈیوٹی لیڈی ڈاکٹر تاخیر سے پہنچی تو بروقت مناسب علاج نہ ہونے سے نومولود بچہ دم توڑگیا جبکہ اسکی ماںبھی چند گھنٹوں کے بعد زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی، جس پر نادیہ کے ورثاء نے ٹراما سنٹر کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور دھرنا بھی دیا، مظاہرین کا الزام تھا کہ زچہ بچہ کی ہلاکت ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہوئی ہے، تاہم اطلاع پا کر پو لیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، بعدازاں ہسپتال انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی پر مظاہرین نعشیں لے کرگھر روانہ ہوگئے۔