عمران خان کو کچھ ملا نہ آنے والے وقت میں ملے گا: جاوید ہاشمی

14 اکتوبر 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے سابق صدر اورسینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نہ عمران خان کو کچھ ملا اور نہ آنے والے وقت میں ملے گا، تحریک انصاف میں موجود سب لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہیں ،عمران خان اپنے پارٹی رہنماؤں کے خلاف پارٹی میں خود مہم چلاتے ہیں ۔گزشتہ روز نجی ٹی وی سے انٹرویو میں مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے کارکنوں پر اعتماد نہیں کر رہے اور طاہر القادری ان کا ساتھ نہیں دے رہے ۔ عمران خان سمجھتے ہیں کہ دوسری قوتیں آگے بڑھ کر نواز شریف کو ہٹا دیں گی میں ان کا ذہن دیکھتا ہوں اور پڑھتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ نہ کل عمران خان کو کچھ ملا اور آنے والے کل میں کچھ ملے گا۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے نہ ہونے سے عمران خان کو فرق پڑے گا ۔ عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت میچور نہیں ہے۔پارٹی کے اندر عمران خان نے خود توڑ پھوڑ شروع کی ہوئی ہے ۔یہ اس کا کمال ہے کہ وہ کسی رہنما کو اپنے ساتھ کھڑا نہیں ہونے دیتے جو ساتھ ہے ان کے خلاف پارٹی کے اندر خود مہم چلاتا ہے۔