ملکی دفاع کیلئے فضائیہ کی ضروریات ہر قیمت پر پوری کریں گے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملکی دفاع کیلئے فضائیہ کی ضروریات کو ہر قیمت پورا کریں گے۔ یہ یقین دہانی انہوں نے ایئر چیف مارشل سہیل امان سے گفتگو کرتے کرائی جنہوں نے گزشتہ روز وزیرخزانہ سے ملاقات کی۔ ایئرچیف نے پاک فضائیہ کی تیاریوں کے بارے میں وزیرخزانہ کو آگاہ کیا۔ ادھر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری سے آگاہ ہے اور ان کے مسائل حل کر رہی ہے۔ برآمدات بڑھانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ایکسپورٹ سیکٹر میں جان ڈالنے کیلئے کئی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ پراپرٹی سیکٹر میں اصلاحات کی گئی ہیں جبکہ اس شعبہ کے شراکت داروں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔