رینالہ :بوسیدہ چھت گرنے سے میاں بیوی 2 بچوں بھتیجے سمیت جاں بحق

14 اکتوبر 2016

رینالہ خورد /فیصل آباد/ لاہور (نمائندگان خصوصی+ خصوصی رپورٹر) رینالہ میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی، 2بچوں اور بھتیجے سمیت جاں بحق، 3زخمی ہو گئے، فیصل آباد میں دیوار گرنے سے دب کر 3 بچے دم توڑ گئے، 2بچوں کی حالت نازک ہے، تفصیل کے مطابق رینالہ خورد کے مدینہ ٹاؤن کے رہائشی محمد صدیق کے گھر کی چھت اچانک گرگئی جسکے نتیجہ میں اسکا جواں سالہ بیٹا محمد لطیف اور قصور سے آئے ہوئے اسکا حقیقی بھائی محمد حنیف اپنی بیوی رفعت، بیٹا علی حمزہ اور ننھی بچی ارحم سمیت جاں بحق ہو گئے جبکہ مالک مکان کی بیوی ودیگر دو افراد بھی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں، مقامی اسسٹنٹ کمشنر کنول نظام بھٹو، ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین موقع پر پہنچ گئے، علاوہ ازیں مرحومین کی نماز جنازہ جعفر سٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں علاقہ بھر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فیصل آباد کے تھانہ سول لائن کے علاقہ محلہ اسلام نگر بی بلاک فلیٹ والی گلی کا رہائشی ملک طارق یوم عاشور کے موقع پر نیاز کے طور پر بچوں میں جوس تقسیم کر رہا تھا کہ بچوں کے رش کے دوران گلی میں زیر تعمیر اختر پرویز کے گھر کی بیرونی دیوار گلی میں بچوں پر گر گئی جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر نیاز تقسیم کرنے والے ملک طارق کا بیٹا سات سالہ احسن علی ‘عطاء محمدانی اور پانچ سالہ دانش موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین سالہ احمد اور 2سالہ عطا ربانی شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ‘ سول لائن پولیس کے مطابق متوفیان کے ورثاء نے کسی قسم کی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رینالہ خورد میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیراعلیٰ نے افسوس ناک واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔