بجلی کی بندش برقرار لاہور اور رمضافات میں 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری

14 اکتوبر 2016

لاہور (نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) بجلی کی بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ لیسکو نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے لاہور اور مضافات میں 6 سے 8 گھنٹے کا لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ صنعتی سیکٹر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیدیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لیسکو کا خسارہ 8سو 90 میگاواٹ تک پہنچ گیا جبکہ لیسکو کو 31 سو میگاواٹ بجلی سپلائی جاری رہی۔ ایس اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرشل صارفین بنک، پلازے، تجارتی مارکیٹوں کے ائرکنڈیشنر چل رہے ہیں، گھریلو صارفین کے اے سی کا لوڈ کم ہوا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں کمی ایک ہفتے کے بعد آ جائے گی۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بے قابو ہو گئی۔ پینے کے پانی کی قلت بھی رہی۔ لوگوں کا کاروبار ٹھپ ہو گیا۔