گجرات : بااثر افراد کا نوجوان پر درخت سے لٹکا کر ڈنڈوں، جوتوں سے تشدد

14 اکتوبر 2016

گجرات( نامہ نگار)کنجاہ میں بااثر افراد نے دربار کے گلہ سے چوری کرنے کے شبہ میں نوجوان کو پکڑ کر درخت سے لٹکا کر ڈنڈوں، جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے 8 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے 4ملزم حراست میں لے لئے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل 24 سالہ زاہد اقبال نواحی گائوں لدھا میں دربار پر حاضری کیلئے گیا جہاں دربار کے گلہ سے چوری کے شبہ میں گائوں کے8 افراد نے درخت کے ساتھ الٹا لٹکا کر کئی گھنٹے تک مسلسل ڈنڈوں، جوتوںسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیااور ساتھ موبائل پر ویڈیو بھی بنا لی جبکہ محنت کش کے منت سماجت کرنے اور نہ ماننے پر اُس پر کتے چھوڑنے اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ بعدازاں حالت غیر ہونے پر ملزموں نے اسے دربار سے ملحقہ غسل خانے میں بند کر کے تالہ لگا دیا۔ محنت کش زاہد اقبال نواحی گائوں بھیلوال کا رہائشی اور علاقے میں سائیکل مرمت کرنیکا کام کرتا ہے۔ تھانہ کنجاہ نے متاثرہ نوجوان کی رپورٹ پر 8افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی جبکہ پولیس نے 4افراد اللہ دتہ ، غلام رسول ، احسان ، ارشد کو حراست میں لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔